ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جارکی ہولی کو سی ڈی معاملہ میں ایڈی یورپا نے پھنسایا:بسونا گوڑا پاٹل یتنال

جارکی ہولی کو سی ڈی معاملہ میں ایڈی یورپا نے پھنسایا:بسونا گوڑا پاٹل یتنال

Mon, 22 Mar 2021 11:37:17    S.O. News Service

بنگلورو،22؍مارچ(ایس او نیوز) وجئے پو ر کے بی جے پی رکن اسمبلی بسونا گوڑا پاٹل یتنال نے سابق وزیر رمیش جارکی ہولی کی مبینہ سیکس سی ڈی کے بارے میں ایک تازہ انکشاف کیا ہے کہ اس سی ڈی کو وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے فاش کروایا ہے، تاکہ آبی وسائل کے اہم قلمدان پر وہ قابض ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ایڈی یورپا نے اس سی ڈی معاملہ میں جارکی ہولی کو جان بوجھ کر پھنسایا ہے۔ سی ڈی معاملہ کی تفصیلی جانچ کی مانگ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سی ڈیز بناکرلوگوں کو بلیک میل کرنے کے کارخانے کانگریس اور بی جے پی دونوں پارٹیوں میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کے دو قد آور رہنما اس سی ڈی معاملہ کے پیچھے کارفرما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے ریاست کے تمام اہم ترین قلمدانوں کو اپنے قبضہ میں کر لیا ہے، ان میں آبی وسائل، مالیات، توانائی،ترقیات بنگلورووغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارچ کے اختتام پر ان تمام محکموں کو ہزاروں کروڑ روپیوں کی رقم بجٹ کے تحت جاری ہونے والی ہے، ایڈی یورپا کی نظر اسی فنڈپر ٹکی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی قیادت میں تبدیلی کے لئے بی جے پی اعلیٰ کمان کو پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے پورے ہونے کا انتظار ہے جیسے ہی 2مئی کو یہ عمل پورا ہو جائے گا، کرناٹک میں بی جے پی کی قیادت بدل جائے گی اور شمالی کرناٹک کے کسی رہنما کو ریاست کا وزیر اعلیٰ بنایا جائے گا۔

اس سوال پر کہ کیا وہ خود وزیر اعلیٰ کے عہدے کے دعویدار ہیں بسونا گوڑا پاٹل نے کہا کہ اعلیٰ کمان نے اس کے لئے جو فہرست بنائی ہے اس میں ان کے نام کے شامل ہونے کا انہیں یقین نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بدلے جانے کے بارے میں ان کو اطلاع راست طور پر بی جے پی کے قومی صدر، وزیر داخلہ اوربی جے پی اعلیٰ کمان کی طرف سے ملی ہے۔


Share: